باڑہ کے تھانہ میلورڈ اور اکاخیل پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک نوجوان شہری جاں بحق اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔ واقعہ باڑہ کی حدود میں برقمبرخیل کے علاقے کراول میں پیش آیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق تھانہ میلورڈ کے اہلکار مغرب خان اپنے سکواڈ کے ہمراہ ناکہ بندی کر رہے تھے کہ ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ گاڑی نہ رکنے پر پولیس نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں نور واحد ولد شال مست شدید زخمی ہو گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ فائرنگ کے دوران ایک پولیس اہلکار، جو پشاور کا رہائشی اور پولیس میں ٹی آر پی ہے، بھی زخمی ہوا اور اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اس واقعے پر ایس ایچ او تھانہ باڑہ نے کہا کہ انہیں اس سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی گئی، اور ممکن ہے کہ ڈی پی او یا ایس پی نے مغرب خان کو احکامات دیے ہوں، لیکن تھانہ کو آگاہ نہیں کیا گیا۔

نوجوان کے اہل خانہ نے نعش ڈوگرہ ہسپتال منتقل کر کے ضروری کارروائی مکمل کی اور بعد ازاں احتجاج کے لیے باڑہ خیبر چوک لے آئے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عابد آفریدی نے مطالبہ کیا کہ نوجوان کے قتل میں ملوث اہلکار مغرب خان اور اس کی ٹیم کے خلاف قتل کی دفعات  302 کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے اور انہیں گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو احتجاج جاری رہے گا۔