ملک بھر کی طرح ضلع مہمند میں بھی حالیہ دنوں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، جہاں درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث کھلے آسمان تلے فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں مہمند پولیس نے اپنے ٹریفک اہلکاروں کی صحت اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مہمند رضا محمد (QPM) کی ہدایات پر ڈی ایس پی ٹریفک اپر مہمند انقلاب خان اور ڈی ایس پی ٹریفک لوئر مہمند جان محمد خان نے ٹریفک پولیس اہلکاروں میں سایہ دار چھتریاں اور پینے کے صاف و ٹھنڈے پانی کے لیے واٹر کولرز تقسیم کیے۔

پولیس حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد دورانِ ڈیوٹی ٹریفک اہلکاروں کو شدید دھوپ اور گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنا، ان کی صحت کا خیال رکھنا اور انہیں بہتر ورکنگ ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ عوام کی خدمت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے فرائض مزید مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔

اس موقع پر ڈی پی او مہمند رضا محمد نے کہا کہ پولیس اہلکار ہر موسم اور ہر قسم کے حالات میں عوام کی خدمت کے لیے میدانِ عمل میں موجود رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کی فلاح و بہبود، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی محکمہ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بہتر بنانے اور اہلکاروں کو درپیش مشکلات میں کمی لانے کے لیے ایسے فلاحی اقدامات مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔