پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں 27 اکتوبر، یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر پشاور میں ریلی نکالی گئی، جس میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھارتی قبضے کے خلاف آواز بلند کی گئی۔
ریلی میں مشیر اطلاعات ثمر بلور، مشیر تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ، مشیر داخلہ کفایت اللہ، حریت رہنما داؤد خان یوسفزئی، سرکاری افسران، ملازمین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت میں نعرے لگائے اور بھارتی قبضے کے خلاف ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 27 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یومِ سیاہ منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو اپنی امنگوں کے مطابق مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جانا چاہیے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام بھی پوری پاکستانی قوم کی طرح مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان دنیا کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ پاکستانی قوم امن پسند ہے اور مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور اسلام آباد سے امن کے سفر کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہیں امید ہے کہ یہ سفر پُرامن انداز میں اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا۔
انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان تنازعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کیا۔ ان کے بقول، جب عالمی سفارت کاری مشکلات کا شکار تھی، اس وقت پاکستان نے امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ بھارت پاکستان کو دہشت گرد ملک کے طور پر پیش کرتا رہا، تاہم ان کے مطابق ایک موقع پر عالمی میڈیا نے پاکستان کے امن کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے 72 گھنٹوں کے اندر بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور دفاعِ وطن کے دوران اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے اور اسے پُرامن راستے سے ہٹنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی فوج اپنے دفاع اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
گورنر نے کہا کہ کشمیری عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی قوم ہر مشکل، دکھ اور تکلیف میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان کا ہر بچہ کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور آئندہ بھی ان کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام یکجا ہوں گے اور کشمیری عوام آزادی کی فضا میں سانس لے سکیں گے۔
