ضلع مہمند کے اہم تجارتی مراکز میاں منڈی، غلنئی، یکہ غنڈ اور لکڑو بازاروں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے بازاروں میں تجاوزات کی نشاندہی اور مارکنگ مکمل کرنے کے بعد متعلقہ دکانداروں کو تجاوزات ختم کرنے اور مقررہ حدود کے اندر دکانیں خالی کرنے کے لیے کل تک کی مہلت دے دی ہے۔

صوبائی گورنر کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر مہمند کی ہدایات کی روشنی میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز نے بازاروں کا دورہ کرکے تجاوزات کی نشاندہی اور انہیں ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق مقررہ مہلت ختم ہونے کے بعد تجاوزات کے خلاف باقاعدہ آپریشن شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر اپر مہمند سکندر افضل، تحصیلدار سیار احمد، اسسٹنٹ کمشنر خویزی بائیزی آفتاب احمد اور اسسٹنٹ کمشنر لوئر مہمند نعمان پرویز نے متعلقہ عملے کے ہمراہ مختلف بازاروں کا معائنہ کیا اور تجاوزات کی نشاندہی کے لیے مارکنگ کی۔

میاں منڈی بازار میں اسسٹنٹ کمشنر اپر مہمند سکندر افضل نے تحصیلدار حلیم زئی سیار احمد اور ٹی ایم اے اہلکاروں کے ہمراہ مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ اس دوران مقررہ حدود سے آگے قائم دکانوں اور ریڑھیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے نشانات لگائے گئے۔

اسی طرح غلنئی، یکہ غنڈ اور لکڑو بازاروں میں بھی تجاوزات کی نشاندہی اور مارکنگ کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے بازاروں کے نقشے کے مطابق سڑک کے دونوں اطراف دس، دس فٹ تک تجاوزات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ دکانداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مہلت کے اندر اپنی دکانوں کے باہر قائم تجاوزات ختم کریں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔

دوسری جانب مجوزہ آپریشن کے باعث متاثر ہونے والے دکانداروں اور املاک کے مالکان میں تشویش پائی جاتی ہے۔ کاروباری حلقوں کا خدشہ ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کی کارروائی سے ان کے کاروبار اور روزگار متاثر ہو سکتے ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کارروائی کے فیصلے کے بعد اب تمام نظریں مجوزہ آپریشن پر مرکوز ہیں۔ اہم سوال یہ ہوگا کہ کارروائی کے دوران مقررہ حدود پر عمل درآمد کس طرح یقینی بنایا جاتا ہے اور متاثرہ دکانداروں کے تحفظات کو کس حد تک مدنظر رکھا جاتا ہے۔