جمرود بازار میں انجمن تاجران کے انتخابات کے انعقاد کے لیے انجمن تاجران جمرود کے سابق صدر نگار علی آفریدی نے دکانداروں اور قومی مشران کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر جمرود سلمان ہستم سے ملاقات کی اور انتخابات کے انعقاد کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کرادی۔
ملاقات کے دوران نگار علی آفریدی اور دیگر دکانداروں نے مؤقف اختیار کیا کہ انجمن تاجران کی موجودہ کابینہ کی تین سالہ مدت مکمل ہو چکی ہے، لہٰذا جمرود بازار میں جلد از جلد انتخابات کرائے جائیں تاکہ تاجر برادری جمہوری طریقے سے اپنی نئی قیادت کا انتخاب کر سکے۔
اس موقع پر جمرود بازار کو درپیش مختلف مسائل پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ نگار علی آفریدی نے قومی مشران کے ہمراہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے تاجر برادری کے تحفظات سے اسسٹنٹ کمشنر کو آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ تاجروں کے جائز مسائل اور تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے جائیں۔
اسسٹنٹ کمشنر جمرود سلمان ہستم نے تاجر برادری کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز تحفظات دور کرنے اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
انجمن تاجران کے انتخابات کے حوالے سے درخواست وصول کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سلمان ہستم نے کہا کہ اس معاملے پر ٹی ایم او کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں انتخابات کے انعقاد کی منظوری اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔
ملاقات کے اختتام پر نگار علی آفریدی، قومی مشران اور دکانداروں نے تعاون کی یقین دہانی اور مسائل پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر جمرود سلمان ہستم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جمرود بازار کے مسائل کے حل، تاجر برادری کے جائز تحفظات کے ازالے اور انجمن تاجران کے انتخابات کے انعقاد کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
