ہزارہ ڈویژن کے مختلف اضلاع میں ہزاروں ٹن کوڑا کرکٹ تلف، ہری پور میں 110 کلومیٹر نالوں کی صفائی، ایبٹ آباد میں غیر قانونی اڈوں اور پارکنگ کے خلاف کارروائیاں
ہزارہ: کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر ڈویژن بھر کے تمام اضلاع میں صفائی ستھرائی، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی، بازاروں اور مرکزی شاہراہوں کی صفائی، نکاسی آب کی بہتری اور اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کے لیے صفائی مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ہونے والی سرگرمیوں اور اقدامات کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔

کمشنر آفس سے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ضلع ایبٹ آباد میں مجموعی طور پر 1,613 ٹن، ہری پور میں 1,080 ٹن، بٹگرام میں تقریباً 48 ٹن جبکہ اپر کوہستان میں تقریباً 37 ٹن کوڑا کرکٹ جمع کرکے تلف کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ضلع ہری پور میں 110 کلومیٹر طویل نالوں کی صفائی مکمل کی گئی، جبکہ ایبٹ آباد میں 25 اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کی گئی۔ اس کے علاوہ شہر میں 6 غیر قانونی اڈوں اور 10 غیر قانونی پارکنگ مقامات کے خلاف بھی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔

دوسری جانب ضلع مانسہرہ، بٹگرام، اپر کوہستان، لوئر کوہستان، کولائی پالس اور تورغر میں بھی صفائی مہم کے تحت مختلف اقدامات جاری ہیں۔ ان اضلاع کے بازاروں، گلیوں، مرکزی شاہراہوں اور دیگر عوامی مقامات سے کوڑا کرکٹ اٹھانے، سڑکوں کی صفائی اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے متعلقہ انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے سرگرم عمل ہیں۔

کمشنر ہزارہ شاہ رخ علی خان نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں اور محکموں کو ہدایت کی ہے کہ صفائی مہم کو مؤثر اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے، بازاروں اور عوامی مقامات کی باقاعدہ صفائی یقینی بنائی جائے اور کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی و تلفی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے نکاسی آب کے نظام کی بہتری، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور شہری سہولیات سے متعلق مسائل کے حل کے لیے بھی مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

کمشنر ہزارہ نے اس بات پر زور دیا کہ صفائی ستھرائی کو محض ایک عارضی مہم تک محدود رکھنے کے بجائے مستقل معمول بنایا جائے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے متعلقہ اداروں کی مؤثر نگرانی، باہمی رابطہ کاری اور عوامی تعاون کو ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔