گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے زیر اہتمام نتھیاگلی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے محمد ظہیر الدین بابر نے کی۔ کھلی کچہری میں جی ڈی اے کے ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ مقامی شہریوں اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کیں۔
ڈائریکٹر جنرل محمد ظہیر الدین بابر نے شرکاء کے مسائل توجہ سے سنے اور متعلقہ افسران کو شکایات کے ازالے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ڈی جی جی ڈی اے نے کہا کہ گلیات کے عوام کو درپیش مسائل کا حل، سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور علاقے میں سیاحت کا فروغ ادارے کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے اور ترقیاتی امور میں بہتری کے لیے متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں مؤثر اور بروقت انداز میں ادا کریں۔
محمد ظہیر الدین بابر نے کہا کہ ایوبیہ چیئر لفٹ کی بحالی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ اس اہم سیاحتی مقام کو دوبارہ فعال بنانے کی راہ ہموار ہو سکے۔
انہوں نے گلیات میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے اور سیاحوں کو پارکنگ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ملٹی اسٹوری پارکنگ کی تعمیر کو بھی اہم قرار دیا۔
ڈی جی جی ڈی اے کا کہنا تھا کہ گلیات میں سیاحت کو سال بھر فروغ دینے کے لیے ونٹر ٹورازم کی بحالی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی، تاکہ موسم سرما میں بھی سیاح اس خوبصورت علاقے کا رخ کریں اور مقامی کاروباری طبقے کو معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مزید مواقع میسر آئیں۔
انہوں نے کہا کہ گلیات قدرتی حسن اور سیاحتی امکانات سے مالا مال علاقہ ہے، جہاں سیاحوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ٹریفک کے مسائل کا حل، پارکنگ کی مناسب سہولیات اور سیاحتی مقامات کی ترقی ناگزیر ہے۔
کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے مختلف مسائل کی نشاندہی کی، جس پر ڈی جی جی ڈی اے نے متعلقہ ڈائریکٹرز کو ضروری کارروائی اور مسائل کے حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔
کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد عوام اور ادارے کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانا، شہریوں کی شکایات براہِ راست سننا اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنانا تھا۔
