گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ظہیر الدین بابر 27 اکتوبر 2026ء کو دوپہر 12 بجے ڈی بی ہاؤس نتھیاگلی میں منعقدہ کھلی کچہری میں شرکت کریں گے، جہاں عوامی مسائل، کاروباری برادری کو درپیش مشکلات اور مقامی آبادی کی شکایات سنی جائیں گی۔

جی ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد عوامی مسائل کے حل، کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کے ازالے اور گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، مقامی آبادی اور تاجر برادری کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

کھلی کچہری کے دوران مقامی شہریوں، تاجروں، عمائدین اور دیگر متعلقہ فریقین کو اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز براہِ راست ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر عوامی شکایات کا جائزہ لینے اور مسائل کے حل کے لیے متعلقہ امور پر غور کیا جائے گا، جبکہ کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز کے مؤثر حل کے لیے تجاویز بھی حاصل کی جائیں گی۔

پریس ریلیز کے مطابق جی ڈی اے عوامی مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور ادارے و مقامی کمیونٹی کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق عوامی رابطوں کو فروغ دینے اور مقامی آبادی کے مسائل کے حل کے لیے اس نوعیت کے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔