ہزارہ ڈویژن میں کمشنر شاہ رخ علی خان کی ہدایات پر تجاوزات کے خاتمے اور عوامی گزرگاہوں کی بحالی کے لیے تمام اضلاع میں آپریشن جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو بازاروں، شاہراہوں، فٹ پاتھوں، پلازوں کی پارکنگ اور دیگر عوامی مقامات سے تجاوزات ہٹانے کے ساتھ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ مانسہرہ نے ٹی ایم اے اور پولیس کے تعاون سے مانسہرہ شہر، اوگی، بٹل، شنکیاری اور جبوری میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کیں۔ اس دوران گڑھی روڈ، ایبٹ آباد روڈ، شنکیاری روڈ، چہڑیا والا بازار، کالج روڈ، شیرگڑھ روڈ اور توحید روڈ سمیت مختلف مقامات سے غیر قانونی تجاوزات ہٹائی گئیں۔

انتظامیہ کے مطابق کارروائی کے دوران 23 ہینڈ ریڑھیاں، 56 پھٹے، 88 دیگر اشیاء اور 26 بل بورڈز قبضے میں لیے گئے، جبکہ 22 ڈھانچے مسمار کیے گئے۔ اس کے علاوہ 18 شیڈز اور 5 کیبن ہٹانے کے ساتھ 3 کلومیٹر طویل فٹ پاتھ اور 7 پلازوں کی پارکنگ کو بھی تجاوزات سے کلیئر کرایا گیا۔ پانو روڈ اور لاری اڈہ مانسہرہ میں 27 اکتوبر کو مزید کارروائی کا شیڈول بھی مقرر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ضلع بٹگرام میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران 105 دکانیں مکمل جبکہ 150 دکانیں جزوی طور پر مسمار کی گئیں۔ کارروائی کے نتیجے میں 5 کنال اراضی بھی واگزار کرائی گئی۔

اسی طرح ایبٹ آباد، ہری پور اور ہزارہ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں بھی عارضی تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ انتظامیہ کا مقصد بازاروں، شاہراہوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک کرکے شہریوں کی آمدورفت کو آسان بنانا اور عوامی مقامات تک رسائی بحال کرنا ہے۔

کمشنر ہزارہ شاہ رخ علی خان نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاامتیاز اور مسلسل جاری رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور عوامی گزرگاہوں کی بحالی سمیت سرکاری اراضی کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔