ضلع خیبر کی زرعی زمینیں قدرتی طور پر انتہائی زرخیز ہیں، تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ کئی علاقوں میں زرعی اراضی پر رہائشی تعمیرات کی جا رہی ہیں جبکہ بعض زمینیں بتدریج بنجر ہوتی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر ضم شدہ اضلاع محکمہ زراعت، ضیاء الاسلام داوڑ نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر کے کسان اپنی محنت اور لگن کے باعث زرعی شعبے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں خیبر کی سبزیاں اور زیتون کا تیل نہ صرف ملکی منڈیوں بلکہ بیرونِ ملک بھی پہنچایا جا رہا ہے۔

ضیاء الاسلام داوڑ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی پروگرام کے تحت وادی تیراہ کے لیے 40 کڑور روپے کی منصوبہ بندی تیار کی گئی تھی۔ تاہم علاقے میں امن و امان کی صورتحال کے باعث منصوبوں پر مکمل رفتار سے عملدرآمد ممکن نہیں ہو سکا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی دلچسپی کے نتیجے میں وادی تیراہ کے زمینداروں کے لیے مالی سال 2026-27 کے دوران 40 کڑور روپے کی خصوصی گرانٹ منظور کر دی گئی ہے، جو علاقے میں زرعی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اس گرانٹ کے ذریعے تیراہ کو جدید زرعی مرکز میں تبدیل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔ منصوبے کے تحت اخروٹ کی اعلیٰ اقسام کی پیوند کاری، نئے پودوں کی شجرکاری، زیتون کے باغات کی توسیع اور جنگلی زیتون کے درختوں پر پیوند کاری کی جائے گی۔

اس کے علاوہ جدید اقسام کے پھلدار باغات بھی قائم کیے جائیں گے، جن میں سیب، آڑو، خوبانی، شفتالو، املوک اور اخروٹ شامل ہیں۔ سبزیوں کی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید عمودی کاشتکاری کو بھی منصوبے کا حصہ بنایا گیا ہے۔

محکمہ زراعت کے مطابق وادی تیراہ کی زرخیز زمین اور وافر آبی وسائل اسے زرعی پیداوار کے لیے نہایت موزوں بناتے ہیں، جہاں مختلف سبزیوں اور پھلوں کی کاشت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

ضیاء الاسلام داوڑ نے مزید بتایا کہ پہلی مرتبہ تیراہ میں لوبیا اور اعلیٰ معیار کے چاول کی کاشت کو بھی منصوبے میں شامل کیا گیا ہے، جس سے مقامی کاشتکاروں کو نئے معاشی مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر تیراہ کے زمیندار بھی باڑہ کے کسانوں کی طرح جدید زرعی طریقوں کو اپناتے ہوئے زراعت پر بھرپور توجہ دیں تو وہ وقت دور نہیں جب وادی تیراہ ایک بڑے زرعی مرکز کے طور پر ابھرے گی اور اپنی زرعی پیداوار قومی و بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانے کے قابل ہو جائے گی۔