لنڈی کوتل: خیبر ضلع کے علاقے خوگہ خیل میں شادی کی ایک تقریب کے دوران مبینہ ہوائی فائرنگ کرنے پر دولہا کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق لنڈی کوتل پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او عشرت شینواری نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اشرف خیل میں کارروائی کی، جہاں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

کارروائی کے نتیجے میں دولہا ثاقب خان شینواری کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ایس ایچ او عشرت شینواری کا کہنا ہے کہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں ہوائی فائرنگ ایک خطرناک اور غیر قانونی عمل ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شادیوں اور دیگر خوشی کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ سے گریز کریں، کیونکہ یہ عمل انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے واقعات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔