اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے ٹرائبل ہاسٹل میں ایک طالب علم پراسرار حالات میں مردہ حالت میں پایا گیا، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت زاہد کے نام سے ہوئی ہے، جو سیکنڈ ایئر کے طالب علم تھے اور ان کا تعلق درہ آدم خیل سے تھا۔ واقعہ ٹرائبل ہاسٹل کے کمرہ نمبر 29 میں پیش آیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک ساتھی طالب علم نے کمرے کا دروازہ اندر سے بند پایا۔ کافی دیر تک کوئی جواب نہ ملنے پر دروازہ کھولا گیا تو زاہد کی لاش کمرے سے برآمد ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
پولیس کے ابتدائی بیان کے مطابق واقعہ بظاہر خودکشی معلوم ہوتا ہے، تاہم موت کی حتمی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
زاہد اسلامیہ کالج کے نمایاں کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے۔ وہ کالج کے بیسٹ ایتھلیٹ رہ چکے تھے اور مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں متعدد تمغے جیت کر ادارے کا نام روشن کر چکے تھے۔
طالب علم کی اچانک موت کی خبر سے جامعہ اور ہاسٹل میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے، جبکہ ساتھی طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی
