خیبر: لنڈی کوتل پولیس نے جدید تفتیشی حکمت عملی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے پکنک کے دوران اپنے ہی دوست کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق 29 مئی 2026 کو چارباغ تنگئی لنڈی کوتل کے پکنک پوائنٹ سے تنویر ولد عجب، سکنہ ناصر باغ پشاور، کی لاش برآمد ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ مقتول کو تیز دھار آلے سے وار کرکے قتل کیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران مقتول کے ساتھ موجود بعض دوستوں نے پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ پہاڑ سے گرنے کے باعث جاں بحق ہوا، تاہم شواہد نے اس دعوے کو غلط ثابت کر دیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر وقار احمد نے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ ایس ایچ او لنڈی کوتل عشرت شینواری کی سربراہی میں خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کیا۔
پیشہ ورانہ تفتیش اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر پولیس نے اصل ملزم بلال ولد فدا محمد، سکنہ ناصر باغ پشاور، کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ ملزم کی نشاندہی پر آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او خیبر وقار احمد نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او لنڈی کوتل اور تفتیشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملزم نے جرم کو چھپانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم پولیس نے جدید تفتیشی طریقہ کار اور مضبوط شواہد کی مدد سے ملزم کو قانون کے کٹہرے میں پہنچا دیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
