دنیا بھر میں ہر سال مئی 2026 میں عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے زیر اہتمام عالمی یومِ انسدادِ تمباکو نوشی منایا جاتا ہے، جس کا مقصد تمباکو نوشی کے خطرناک اثرات سے عوام میں شعور اجاگر کرنا اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہے۔ اس سال بھی پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آگاہی مہمات، سیمینارز، واکس اور تعلیمی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔
اسی سلسلے میں ڈاکٹر یاسمین گل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر عوامی ویلفیئر سوسائٹی، نے کولیشن فار ٹوبیکو کنٹرول پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یومِ انسدادِ تمباکو نوشی 2026 کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے آگاہی کے لیے مختلف تقریبات، سیمینارز، واکس اور آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد عوام، بالخصوص نوجوان نسل، کو تمباکو اور دیگر نشہ آور مصنوعات کے نقصانات سے آگاہ کرنا اور ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کو فروغ دینا ہے۔
ماہرینِ صحت کے مطابق تمباکو نوشی دل، پھیپھڑوں اور کینسر سمیت کئی مہلک بیماریوں کی اہم وجہ ہے۔ ہر سال لاکھوں افراد تمباکو نوشی سے جڑی بیماریوں کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، جبکہ نوجوانوں میں ویپنگ، سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات کا بڑھتا ہوا رجحان تشویشناک صورتحال اختیار کر چکا ہے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حکومت، سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ تمباکو نوشی کے خلاف مؤثر قانون سازی، آگاہی مہمات اور نوجوانوں کی مثبت رہنمائی کے لیے مشترکہ اقدامات کریں۔
پریس ریلیز میں عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنی اور اپنے خاندان کی صحت کے تحفظ کے لیے تمباکو نوشی سے مکمل اجتناب کریں اور ایک صحت مند، محفوظ اور خوشحال معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔
