صوبائی حکومت کی گڈ گورننس پالیسی کے تحت سیکرٹری ٹورازم خیبرپختونخوا سعادت حسن اور ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شوذب عباس کی خصوصی ہدایات پر اوشو فارسٹ کالام میں گرینڈ صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔

صفائی مہم ڈپٹی ڈائریکٹر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی فہیم اللہ کی نگرانی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر بحرین لقمان خان کی قیادت میں منعقد کی گئی۔ مہم میں اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کالام سب آفس کے انچارج نظیر شاہ، ٹی ایم اے بحرین، فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ، ہوٹل ایسوسی ایشن، مقامی مشران اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

مہم کے دوران اوشو فارسٹ، جنگلاتی علاقوں، شاہراہوں کے اطراف اور مختلف سیاحتی مقامات سے کچرا، پلاسٹک اور دیگر فضلہ جمع کرکے مناسب انداز میں تلف کیا گیا۔ شرکاء نے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور قدرتی حسن کے تحفظ کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بحرین لقمان خان نے کہا کہ کالام اور گرد و نواح کے سیاحتی مقامات کی صفائی اور خوبصورتی کو برقرار رکھنا تمام اداروں اور مقامی آبادی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو صاف، محفوظ اور ماحول دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے اس نوعیت کی سرگرمیاں مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔

ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان کے مطابق صفائی مہم کا بنیادی مقصد کالام کے قدرتی ماحول، جنگلات اور سیاحتی مقامات کو محفوظ اور آلودگی سے پاک بنانا، عوام میں صفائی سے متعلق شعور بیدار کرنا اور ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقے کی قدرتی خوبصورتی اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے آئندہ بھی اس طرح کی مشترکہ سرگرمیاں باقاعدگی سے جاری رکھی جائیں گی۔