گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، انویٹرز مونٹیسری سکول سسٹم، یوتھ پارلیمنٹ پاکستان اور پاکستان تحریک نوجوانان کے اشتراک سے مری روڈ اور چنار روڈ پر صفائی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ مہم میں سکول کے طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور علاقے کو صاف ستھرا رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

صفائی مہم میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر احسن حمید، چیئرمین پاکستان تحریک نوجوانان و یوتھ پارلیمنٹ پاکستان اسامہ ندیم قریشی، نیمل کے سی ای او بلال حمید، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے میڈیا کوآرڈینیٹر حمداللہ خان، میکس لرننگ ہوم کے شاہد جدون، انویٹرز مونٹیسری سکول سسٹم کی کوآرڈینیٹر سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ’’صفائی نصف ایمان ہے‘‘ اور صاف ستھرا ماحول ایک صحت مند اور مہذب معاشرے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل میں صفائی، ماحول دوستی اور سماجی ذمہ داری کے شعور کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مقررین نے طلبہ کی فعال شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں نہ صرف ماحول کے تحفظ میں معاون ثابت ہوتی ہیں بلکہ نئی نسل میں مثبت شہری رویوں اور ذمہ داری کے احساس کو بھی فروغ دیتی ہیں۔

مہم کے دوران شرکاء نے مری روڈ اور چنار روڈ کے اطراف صفائی کی جبکہ شہریوں میں صفائی کی اہمیت اور ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی گئی۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے گلیات اور ایبٹ آباد کو صاف، سرسبز اور خوبصورت سیاحتی خطہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔