پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق، مظاہرین کا ملزم کو سخت ترین سزا دینے اور متاثرہ خاندان کو فوری انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ

مدین میں 9 سالہ ایشمل بی بی کے قتل کیس میں پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کے ساتھ زیادتی کی بھی تصدیق ہوگئی ہے، جبکہ پولیس نے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم محکمہ جنگلات میں کلاس فور کا ملازم ہے اور اس کا تعلق ضلع دیر سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

واقعے کے خلاف مدین میں خواتین بھی احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکل آئیں۔ خواتین مظاہرین نے مبینہ ملزم کو سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچی کے قتل اور زیادتی میں ملوث شخص کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔

خواتین مظاہرین نے مقامی ایم پی اے میاں شرافت علی کے گھر کے سامنے بھی احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ ایشمل بی بی کے خاندان کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کیلئے ملزم کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے