لنڈی کوتل: ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان کراٹے کھلاڑیوں نے لاہور میں منعقدہ پانچویں نیشنل ڈریم کپ کراٹے فیسٹیول میں گولڈ میڈلز جیت کر علاقے اور خیبر پختونخوا کا نام روشن کردیا۔
خیبر پختونخوا فل کنٹیکٹ کراٹے ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نثار شینواری کے مطابق پختون یار شینواری نے 56 کلوگرام کیٹیگری، جبکہ عباس شینواری نے ہیوی ویٹ کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے سونے کے تمغے اپنے نام کیے۔
پاکستان فل کنٹیکٹ کراٹے فیڈریشن کے زیر اہتمام ڈی ایچ اے جمنیزیم لاہور میں منعقدہ ایونٹ میں ملک بھر سے کھلاڑیوں اور کوچز نے شرکت کی، جہاں مختلف کیٹیگریز میں کھلاڑیوں کے درمیان سخت اور دلچسپ مقابلے ہوئے۔
لنڈی کوتل پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار شینواری نے کہا کہ نیشنل ڈریم کپ فل کنٹیکٹ کراٹے کے ملک کے اہم مقابلوں میں شمار ہوتا ہے، جس میں ملک بھر کے بہترین کھلاڑی شرکت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پختون یار شینواری اور عباس شینواری کی شاندار کامیابی ان کے لیے ذاتی اعزاز کے ساتھ ساتھ ضلع خیبر اور پورے لنڈی کوتل کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
نثار شینواری کے مطابق ایونٹ کا انعقاد پاکستان فل کنٹیکٹ کراٹے فیڈریشن کے صدر، ورلڈ کراٹے آرگنائزیشن ایشیا کے بورڈ ممبر اور کراٹے لیجنڈ شیھان محمد ارشد جان کی نگرانی میں کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں فل کنٹیکٹ کراٹے کے لیے پاکستان کی سطح پر ایک باقاعدہ فیڈریشن جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی فل کنٹیکٹ کراٹے ایسوسی ایشن قائم ہے، جسے پاکستان فل کنٹیکٹ کراٹے فیڈریشن سے باقاعدہ الحاق حاصل ہے۔
جنرل سیکرٹری نے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس خیبر پختونخوا سمیت سرکاری و نجی اداروں سے مطالبہ کیا کہ ضلع خیبر کے ان ہونہار کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں مزید قومی و بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے ضروری سہولیات اور مواقع فراہم کیے جائیں۔
