گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (GDA) نے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو جدید، بروقت اور جامع سفری معلومات فراہم کرنے کے لیے ’’Go Galiyat 360‘‘ ٹورازم ایپ متعارف کرا دی، جس کا باقاعدہ افتتاح کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہد اللہ خان نے کیا۔

افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد فواد سمیت ادارے کے مختلف ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل GDA محمد فواد نے کمشنر ہزارہ ڈویژن کو ’’Go Galiyat 360‘‘ ایپ کے مختلف فیچرز، افادیت اور سیاحوں کے لیے اس کی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی سے مزین اس ایپ کے ذریعے گلیات آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر موسم کی تازہ ترین صورتحال، سڑکوں اور سفری حالات، اہم سیاحتی مقامات، راستوں، رہنمائی اور دیگر ضروری معلومات تک رسائی حاصل ہوگی۔

’’Go Galiyat 360‘‘ کا مقصد گلیات میں سیاحوں کے سفر کو مزید محفوظ، آسان اور سہل بنانا اور انہیں دورانِ سفر بروقت معلومات فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ گلیات کے قدرتی حسن اور سیاحتی مقامات سے لطف اندوز ہو سکیں۔

اس موقع پر کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہد اللہ خان نے سیاحوں کی سہولت کے لیے گلیات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ سے سیاحوں کو بہتر سفری تجربہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

ڈائریکٹر جنرل GDA محمد فواد نے کہا کہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی، محفوظ سفر اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سیاحتی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ’’Go Galiyat 360‘‘ اسی سلسلے کی ایک اہم کاوش ہے، جو گلیات آنے والے سیاحوں کے لیے ایک جامع ڈیجیٹل گائیڈ کے طور پر معاون ثابت ہوگی۔