سرکاری سکولوں میں کتابوں، اساتذہ اور کلاس رومز کی کمی دور کرنے، اپ گریڈیشن اور ڈی پی سی کا عمل جلد مکمل کرنے کا مطالبہ
جمرود: تنظیم اساتذہ ضلع خیبر کا اہم اجلاس گورنمنٹ ہائی سکول جمرود نمبر 2 میں صدر تنظیم اساتذہ ضلع خیبر شریف اللہ آفریدی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں اساتذہ اور طلبہ کو درپیش مسائل پر غور کرتے ہوئے متعدد قراردادیں منظور کی گئیں۔
اجلاس کا آغاز ارشد علی آفریدی کے درسِ قرآن سے ہوا۔ افتتاحی کلمات میں صدر ضلع شریف اللہ آفریدی نے کہا کہ ربیع الاول کا حقیقی پیغام یہی ہے کہ مسلمان اپنی زندگیوں کو سیرتِ نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالیں اور اپنے اہل و عیال، اساتذہ اور طلبہ کو قرآن و سنت اور سیرتِ نبوی ﷺ سے روشناس کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ تنظیم اساتذہ صرف اساتذہ کے مسائل کے حل تک محدود نہیں بلکہ ان کی دینی، اخلاقی اور پیشہ ورانہ تربیت کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے۔
شریف اللہ آفریدی نے مزید بتایا کہ تنظیم کے زیرِ اہتمام شعبہ امدادِ طلبہ بھی قائم ہے، جس کے ذریعے یتیم اور نادار طلبہ و طالبات کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ شعبہ مستحق بچوں کی تعلیم میں مدد کے ذریعے معاشرے کے کمزور طبقے کیلئے امید کا ذریعہ بن رہا ہے۔
اجلاس میں سرکاری سکولوں میں کتابوں کی کمی فوری طور پر دور کرنے، اساتذہ اور کلاس رومز کی کمی پوری کرنے، پوزیشن کوڈ کا مسئلہ حل کرنے اور اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا عمل مکمل کرنے سمیت متعدد مطالبات پر مشتمل قراردادیں منظور کی گئیں۔
منظور کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ اساتذہ کو عزت، تحفظ اور باوقار ماحول فراہم کیا جائے، پرائمری سکولوں میں کلرک تعینات کیے جائیں جبکہ میل اور فیمیل تمام کیڈرز کی ڈی پی سی کا عمل بھی جلد مکمل کیا جائے۔
اجلاس کے اختتام پر صحافی علی کے چچا، صحافی محمد رحیم کے چچازاد بھائی، کلرک مینت بابو کی بہن اور دیگر ساتھیوں کے مرحوم رشتہ داروں کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ اس کے علاوہ بیمار ساتھیوں اور ان کے رشتہ داروں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی، جس کی امامت مفتی مولانا یونس نے کی۔
اجلاس میں ضلع خیبر کی تینوں تحصیلوں سے تنظیم کے ذمہ داران نے شرکت کی۔
