ہمند: قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع کے عوام سے انضمام کے وقت کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں، جبکہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک میز پر بیٹھ کر مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع مہمند کے کمالی حلیمزئی، نحقی میں مرحوم حاجی حکیم سید کے حجرے میں منعقدہ شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ ایک طرف ہمارے 80 ہزار جوانوں نے ملک کی بقا اور امن کے لیے قربانیاں دی ہیں، جبکہ دوسری جانب پنجاب کی وزیراعلیٰ کی جانب سے خیبر پختونخوا کو دہشت گردی سے جوڑنا افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے الزام تراشی کے بجائے سنجیدہ اور مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ جلسے جلوسوں کے بجائے صوبے میں امن، روزگار اور خوشحالی کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کے عوام طویل عرصے سے محرومیوں کا شکار ہیں، لہٰذا ان کے مسائل کے حل اور احساسِ محرومی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ قومی وطن پارٹی اس مقصد کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

تقریب کے دوران ملک سلیم سردار نے اپنے خاندان اور دوستوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے نئے شامل ہونے والے افراد کو خوش آمدید کہا اور انہیں پارٹی کیپ پہنائیں۔

تقریب سے قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر خان شیرپاؤ، صوبائی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر فاروق افضل اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ مہمند پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔