ضلع خیبر پولیس نے گھریلو تشدد کے ایک مبینہ مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے فرانسیسی شہری خاتون کو ان کے چار بچوں سمیت بازیاب کر کے مزید تحفظ اور قانونی کارروائی کے لیے ویمن پولیس اسٹیشن پشاور منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق 18 جون 2026 کو موصول ہونے والی مصدقہ اطلاع پر تھانہ باڑہ کی حدود میں ایک رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا، جہاں ایک غیر ملکی خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر گھریلو تشدد کیے جانے کی اطلاعات تھیں۔
کارروائی کے دوران 54 سالہ فرانسیسی شہری سلوی یاسمینہ کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون نے ایک پاکستانی شہری سے شادی کی تھی اور وہ 2014 سے باڑہ میں مقیم تھیں۔ ان کے پانچ بچے ہیں، جن میں ایک بچہ سماعت اور گویائی سے محروم بتایا جاتا ہے۔
بازیاب ہونے والی خاتون نے پولیس کو بتایا کہ انہیں مبینہ طور پر اپنے شوہر کی جانب سے مسلسل بدسلوکی کا سامنا تھا اور انہیں گھر سے باہر جانے کی اجازت بھی نہیں دی جاتی تھی۔
خیبر پولیس نے خاتون اور ان کے چار بچوں کو حفاظتی تحویل میں لے کر ویمن پولیس اسٹیشن پشاور منتقل کر دیا ہے، جہاں انہیں قانونی اور حفاظتی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق فرانسیسی شہری خاتون نے اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ واپس فرانس جانا چاہتی ہیں۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ قانونی تقاضے بھی پورے کیے جا رہے ہیں۔
خیبر پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
