جنوبی سوڈان کے دارالحکومت جوبا کے نواحی علاقے میں ایک سیسنا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت تمام 14 افراد جاں بحق ہو گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جنوبی سوڈان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ یہ افسوسناک حادثہ پیر کے روز اس وقت پیش آیا جب سیسنا 208 کاراوان طیارہ یئی شہر سے جوبا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب پرواز کر رہا تھا۔
اتھارٹی کے مطابق طیارے میں 13 مسافر اور ایک پائلٹ سوار تھے۔ پرواز نے صبح 9 بج کر 15 منٹ پر اڑان بھری، تاہم محض 28 منٹ بعد 9 بج کر 43 منٹ پر کنٹرول ٹاور سے اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔ بعد ازاں طیارہ جوبا سے تقریباً 20 کلومیٹر جنوب مغرب میں گر کر تباہ پایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق جاں بحق افراد میں دو مسافر کینیا کے شہری تھے جبکہ باقی تمام مسافر جنوبی سوڈان سے تعلق رکھتے تھے۔
ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی ممکنہ وجہ خراب موسمی حالات اور حدِ نگاہ میں کمی کو قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حتمی رپورٹ آنے تک مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔
