باڑہ میں قوم اکاخیل کے زیرِ اہتمام امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر ایک اہم گرینڈ قومی امن جرگہ منعقد ہوا۔ جہاز گراؤنڈ میں قوم اکاخیل قومی کونسل کی میزبانی میں ہونے والے اس جرگے میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

جرگے میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، قومی مشران، عمائدین، نوجوانوں اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے محمد شفیق آفریدی، سابق تحصیل چیئرمین مفتی کفیل آفریدی، چیئرمین قومی کونسل حاجی خیال زمان آفریدی، چیئرمین سایہ ویلفیئر فاؤنڈیشن حاجی جہانگیر آفریدی، ملک عطاء اللہ، سہیل احمد آفریدی، حاجی عجب خان اور زوان اکاخیل اتحاد کے صدر عجب خان سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ مشترکہ آفریدی اقوام کے مشران نے بھی جرگے میں شرکت کی۔

جرگے کے دوران علاقے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، بڑھتی ہوئی بدامنی، عوامی تحفظ اور حکومتی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ مقررین نے پائیدار امن کے قیام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

چیئرمین قومی کونسل حاجی خیال زمان آفریدی اور سابق ایم پی اے محمد شفیق آفریدی نے اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور ایم این اے کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے مثبت پیش رفت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ نے مشران سے ملاقات میں مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جرگے کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے کل بروز جمعہ دوپہر دو بجے قومی کونسل کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

جرگے کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے میں امن کے قیام کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کریں گے اور کسی بھی قسم کی بدامنی برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ دیرپا امن کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور عوام کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔

جرگہ پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا، جسے علاقے میں امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔