وانا (جنوبی وزیرستان) میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری عمران مخلص وزیر کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا۔ واقعہ تحصیل وانا کے علاقے غواخوا، بمقام پرش میں پیش آیا، جہاں انہیں آج عصر کے وقت اغوا کیا گیا۔

متحدہ سیاسی امن پاسون ضلع جنوبی وزیرستان لوئر نے ہنگامی پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے واقعے کی تصدیق کی ہے۔ تنظیم کے مطابق عمران مخلص وزیر کے اغوا نے علاقے میں سکیورٹی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور دھماکوں کے واقعات کے خلاف بارہا سکیورٹی فورسز اور سول انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا، مگر مؤثر اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔

تنظیم نے الزام عائد کیا کہ سکیورٹی فورسز نے عوام کے تحفظ کے بجائے خود کو محفوظ بنانے پر توجہ دی ہے، جس کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ متحدہ سیاسی امن پاسون نے مطالبہ کیا کہ عمران مخلص وزیر کو فوری اور بحفاظت بازیاب کرایا جائے، بصورت دیگر ضلع جنوبی وزیرستان لوئر میں سرکاری سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب، پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک اور تشویشناک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنانا جمہوری عمل پر حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ مغوی رہنما کو فوری طور پر بازیاب کر کے ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

صوبائی صدر نے مزید کہا کہ حکومت پر لازم ہے کہ عوام اور سیاسی کارکنوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔ انہوں نے عمران مخلص وزیر کے اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد اور محفوظ بازیابی کے لیے دعا بھی کی۔

ادھر، جنوبی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی زبیر خان وزیر نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شہری کا اغوا قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ عمل علاقے کے امن کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے سکیورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، مغوی کی بحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے اور ذمہ دار عناصر کو جلد گرفتار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔