خیبر: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر وقار احمد کی قیادت میں ضلع خیبر کے مختلف تھانہ جات کی حدود میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او خیبر کے احکامات پر ایس ایچ او علی مسجد امجد آفریدی اور ایس ایچ او ملاگوری عدنان آفریدی کی نگرانی میں ذگہ ٹنل، ملاگوری علی مسجد، قبرو میلہ، شین تنگ، تودہ میلہ اور چورہ کنڈو کے علاقوں میں آپریشن کیا گیا۔

آپریشن کے دوران مشکوک گاڑیوں، موٹر سائیکل سواروں، مشتبہ گھروں اور دیگر حساس مقامات کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔ داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں قائم کرکے آنے جانے والے افراد اور گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کی گئی۔

کارروائی کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش شروع کر دی گئی، جبکہ بعض افراد کو جانچ پڑتال کے بعد کلیئر کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق اس کارروائی کا مقصد علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھنا، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرنا اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے قبل مؤثر اقدامات اٹھانا ہے۔ آپریشن کے دوران جدید آلات اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے ذریعے حساس مقامات کی کڑی نگرانی بھی کی گئی۔

ڈی پی او خیبر وقار احمد کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور ایسے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ ضلع خیبر کو جرائم سے پاک بنایا جا سکے۔