سوات میں جینڈر بیسڈ وائلنس (GBV) کے تدارک، نوجوانوں کی ذمہ داریوں اور مؤثر ریفرل میکنزم کے حوالے سے دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ورکشاپ عورت فاؤنڈیشن اور یو این ویمن کے اشتراک سے منعقد ہوئی، جس میں طلبہ، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
ورکشاپ کے دوران ماہرین نے خواتین کو درپیش مسائل، ان کے بنیادی حقوق اور تشدد کی روک تھام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ معاشرے میں خواتین کے لیے محفوظ، باعزت اور سازگار ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے تاکہ وہ پُرامن اور باوقار زندگی گزار سکیں۔
ٹریننگ کا بنیادی مقصد جینڈر بیسڈ وائلنس سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا اور نوجوانوں، خصوصاً لڑکوں اور لڑکیوں، کے مثبت کردار کو اجاگر کرنا تھا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ وہ اپنے رویوں، شعور اور عملی اقدامات کے ذریعے اس سماجی مسئلے کے خاتمے میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر شرکاء کو دستیاب ریفرل پاتھ ویز سے بھی آگاہ کیا گیا تاکہ متاثرہ افراد کو بروقت اور مناسب معاونت فراہم کی جا سکے۔
شرکاء نے ورکشاپ کو نہایت معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں معاشرے میں مثبت تبدیلی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔
