ناظم نیبرہوڈ کونسل 126، یونین کونسل 81 تاج آباد پشاور، نعیم خان نے کہا ہے کہ علاقے کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے اسلامک ریلیف سمیت دیگر فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر کام کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات اسلامک ریلیف کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ یہ اجلاس حاجی گلالئی خان کے حجرے میں نعیم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں تاج آباد کے عمائدین اور مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں علاقے میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں تاج آباد فلاحی تنظیم کے صدر نجیب عالم ایڈوکیٹ، حاجی گلالئی خان، فرید خان، سید مسلم سمیت دیگر مقامی افراد شریک تھے، جبکہ اسلامک ریلیف کی جانب سے نمائندہ وفد بھی موجود تھا۔

اجلاس کے دوران علاقہ مکینوں کو درپیش اہم مسائل پر غور کیا گیا، جن میں پانی کی فراہمی، صفائی کی ناقص صورتحال، نکاسی آب کے مسائل، تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات کی کمی شامل ہیں۔

نعیم خان نے وفد کو بتایا کہ تاج آباد جغرافیائی لحاظ سے نہایت اہم مقام رکھتا ہے، کیونکہ اس کے اطراف میں حیات آباد، یونیورسٹی ٹاؤن، یونیورسٹی آف پشاور اور دیگر تعلیمی ادارے واقع ہیں، جبکہ عقب میں رنگ روڈ بھی موجود ہے۔ اس کے باوجود علاقے کو ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت، صحت اور تعلیم کی سہولیات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گلیوں کی تعمیر و مرمت، نکاسی آب کے مؤثر نظام، پارک کی تکمیل اور بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلامک ریلیف ان مسائل کے حل میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے گی۔

اسلامک ریلیف کے وفد نے علاقے کی بہتری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔