ضلعی عدلیہ سوات کے زیرِ اہتمام ڈسٹرکٹ کورٹس گلکدہ میں ای لائبریری، سولرائزیشن سسٹم اور واٹر فلٹریشن پلانٹ کا باضابطہ افتتاح 4 مارچ 2026 بروز بدھ کو کیا گیا۔ یہ منصوبے ایکسس ٹو جسٹس ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت مکمل کیے گئے، جن کا مقصد عدالتی سہولیات کو جدید بنانا اور سائلین، وکلاء اور عدالتی عملے کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

افتتاح کی تقریب کے مہمانِ خصوصی جناب اسد حمید خان، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ضلع قاضی سوات تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سینئر سول ججز، دیگر جوڈیشل افسران، وکلاء برادری کے اراکین اور عدالتی عملہ بھی شریک تھا۔

خطاب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سوات نے کہا کہ ای لائبریری کا قیام عدالتی ادارے میں تحقیقاتی اور پیشہ ورانہ استعداد کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس کے ذریعے جدید اور ڈیجیٹل قانونی مواد تک فوری رسائی ممکن ہوگی، جو بروقت اور معیاری انصاف کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگی۔

انہوں نے سولرائزیشن منصوبے کو ماحول دوست اور معاشی لحاظ سے مؤثر قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ شمسی توانائی کے نظام کی تنصیب سے عدالتوں میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔

واٹر فلٹریشن پلانٹ کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ اس سہولت کا مقصد عدالتی احاطے میں آنے والے سائلین، وکلاء اور عملے کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنا ہے، تاکہ عوامی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

تقریب میں اس امر کو بھی سراہا گیا کہ یہ منصوبے اعلیٰ عدالتی حکام کی رہنمائی اور عملی تعاون سے پایۂ تکمیل تک پہنچے۔ اختتام پر متعلقہ حکام اور معاونین کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔