ضلع خیبر کی مرکزی تحصیل جمرود میں افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑی اور پُرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا اہتمام ضلعی انتظامیہ جمرود اور قبیلہ کوکی خیل کے مشران کی جانب سے کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

ریلی کا آغاز تحصیل جمرود سے ہوا اور شرکاء بابِ خیبر تک مارچ کرتے ہوئے پہنچے۔ ریلی کی قیادت ملکزادہ معیز شیر خان خیل اور اسسٹنٹ کمشنر جمرود خیام ناصر نے کی۔ اس موقع پر کوکی خیل قوم کے عمائدین، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور مختلف سرکاری محکموں کے نمائندگان بھی شریک تھے۔

بابِ خیبر پہنچ کر شرکاء نے افواجِ پاکستان اور ملک کے حق میں نعرے لگائے اور ملکی سلامتی و استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی اور بقا کی ضامن ہیں، اور اگر کوئی دشمن پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کرے گا تو اسے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

ریلی پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی، جبکہ شرکاء نے قومی یکجہتی، اتحاد اور دفاعِ وطن کے عزم کو دہراتے ہوئے ملک کی ترقی و استحکام کے لیے دعا کی۔