وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے بلدیاتی نمائندوں کے ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں بلدیاتی نمائندوں کی مدت 15 مارچ کو ختم ہونے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران بلدیاتی نظام کے تسلسل کو یقینی بنانے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ بلدیاتی نظام میں کسی قسم کا خلا پیدا نہیں ہونے دیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے متفقہ حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اسپیکر صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی جائے گی کہ حکومتی اور اپوزیشن اراکین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔

ان کے مطابق مذکورہ کمیٹی کا اجلاس اسی ہفتے طلب کیا جائے گا اور 15 مارچ سے قبل حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ کمیٹی نئے بلدیاتی انتخابات تک موجودہ نظام کو برقرار رکھنے کے طریقۂ کار کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

وزیر اعلیٰ کی یقین دہانی کے بعد لوکل کونسلز ایسوسی ایشن نے اعلان کردہ ہڑتال مؤخر کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

بلدیاتی نمائندوں کے وفد کی قیادت میئر مردان حمایت اللہ مایار نے کی، جبکہ دیگر منتخب نمائندے بھی ملاقات میں شریک تھے۔ مبصرین کے مطابق یہ ملاقات بلدیاتی نظام کے مستقبل کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔