مینگورہ کے نواحی علاقے بارامہ میں جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں تیز کر دی گئیں ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق، انچارج بارامہ پولیس چوکی، اے ایس آئی یوسف خان، نے افسرانِ بالا کی ہدایات پر علاقے میں سرگرم جرائم پیشہ گروہوں اور منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

خصوصی طور پر آئس (کرسٹل میتھ) اور ہیروئن جیسی مہلک منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھا جا سکے۔

کارروائی کے دوران، گودام کے تالے توڑ کر چوری کرنے والے ملزم انور علی ولد احسان اللہ سکنہ شیراڑی کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے چوری شدہ سامان بھی برآمد کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

اے ایس آئی یوسف خان نے واضح کیا کہ علاقے میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور منشیات کی روک تھام کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، اور جرائم پیشہ عناصر کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔