خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صورتحال کا بغور جائزہ لے رہی ہے اور متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔

اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہم سب کا قومی فریضہ ہے اور سرحدی علاقوں کی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے پاک افغان سرحد پر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی اور بیرونی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ قومی سلامتی پر ہرگز سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ سرحدی کشیدگی کے تناظر میں صوبائی حکومت متعلقہ وفاقی اور سیکیورٹی اداروں سے قریبی رابطے میں ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرحدی اضلاع کے عوام کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ موجودہ حالات کے باعث عوام میں خدشات پائے جاتے ہیں، تاہم حکومت انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔

سہیل آفریدی نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہیں اور تمام تر تیاریاں یقینی بنائی جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امن و استحکام کے قیام کے لیے ذمہ دارانہ اور دانشمندانہ طرزِ عمل ناگزیر ہے۔