خیبر کے علاقے سلطان خیل، تھانہ لنڈی کوتل کی حدود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل سفیر خان اور ان کے ننھے بیٹے طلحہ کی نمازِ جنازہ پولیس لائن خیبر شاکس میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
نمازِ جنازہ میں ڈی پی او خیبر وقار احمد، ایس پی باڑہ سرکل، پاک آرمی کے افسران، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، سرکل افسران، شہید کے اہلِ خانہ اور پولیس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔ افسران نے والد اور بیٹے کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ کمسن بچے کی دلخراش شہادت پر فضا سوگوار رہی اور شرکاء کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔
ڈی پی او خیبر وقار احمد نے شہید کانسٹیبل سفیر خان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفیر خان ایک نڈر، دیانتدار اور بہادر پولیس اہلکار تھے، جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جان قربان کی۔ انہوں نے کہا کہ ننھے بچے کی شہادت پورے خیبر کے لیے انتہائی افسوسناک سانحہ ہے۔
ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور خیبر پولیس غمزدہ خاندان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
