سی سی پی او پشاور، ڈاکٹر میاں سعید احمد نے ضلع خیبر کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او ضلع خیبر، وقار احمد نے سی سی پی او کو ضلع میں امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی انتظامات، پولیس کی مجموعی کارکردگی اور جرائم کے خلاف جاری کارروائیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

دورے کے دوران سی سی پی او نے تھانہ جمرود، تھانہ علی مسجد اور تھانہ لنڈی کوتل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈی آر سی دفتر، جاری تعمیراتی کام، روزنامچہ، ریکارڈ، حوالات، سی سی ٹی وی کیمروں اور مالخانہ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے نو تعمیر شدہ تھانہ لنڈی کوتل کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا، اور ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور امن و استحکام کے لیے اجتماعی دعا کی۔

سی سی پی او نے تھانہ علی مسجد میں سائلین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ پولیس افسران کو ہدایات دیں کہ درخواست گزاروں کی بروقت اور مؤثر دادرسی یقینی بنائی جائے۔ بعد ازاں تھانہ لنڈی کوتل میں علاقہ مشران اور معززین سے ملاقات کے دوران مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر میاں سعید احمد نے کہا کہ دہشت گردی سمیت ہر قسم کے نامساعد حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا خیبر پختونخوا پولیس کی مثالی روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر کے پولیس جوانوں نے بہادری، جراتمندی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعد پولیسنگ کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

سی سی پی او پشاور نے ضلع خیبر پولیس کے افسران و جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف جاری جنگ میں آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے پولیس افسران و جوانوں پر زور دیا کہ علاقائی روایات اور رسم و رواج کو مدنظر رکھتے ہوئے قیام امن اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں۔