جنوبی وزیرستان لوئر:
تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک میں نامعلوم مسلح افراد نے رات گئے گورنمنٹ مڈل سکول شریف خان کوٹ کو بارودی مواد سے اڑا دیا، جس کے نتیجے میں اسکول کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد طاہر شاہ وزیر کے مطابق دھماکے سے اسکول کے دو کمرے، باتھ رومز، مرکزی دروازہ اور ایک جانب کی چار دیواری مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث قریبی گھروں کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ گھروں میں نصب سولر پینلز، دیواروں اور کھڑکیوں کو نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اعظم ورسک کے علاقے قراہ باغ میں گورنمنٹ ہائی سکول کو مسلح افراد نے مسمار کر دیا تھا۔ اعظم ورسک میں تعلیمی ادارے کو نشانہ بنانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کی مذمت

دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اعظم ورسک میں سرکاری تعلیمی ادارے کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں تعلیمی ادارے کو نشانہ بنانے والے عناصر دراصل علم، ترقی اور نئی نسل کے دشمن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم ریاست اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

گورنر نے عزم ظاہر کیا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے بلکہ ایسے واقعات کے خلاف قومی یکجہتی مزید مضبوط ہوگی۔