اصغر مہمند فاؤنڈیشن نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ضلع مہمند کے مستحق خاندانوں میں ایک ہزار فوڈ پیکیجز تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں ہیڈکوارٹرز غلنئی جرگہ ہال میں فاؤنڈیشن اور انجمن بحالی معذوران ضلع مہمند کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں فوڈ پیکیجز کی باقاعدہ تقسیم کا آغاز کیا گیا۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افتخار الدین خان، فاؤنڈیشن کے چیئرمین اصغر خان مہمند، انجمن بحالی معذوران ضلع مہمند کے صدر ضیاء اللہ خان، جنرل سیکرٹری نور اللہ خان اور خصوصی افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افتخار الدین خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اصغر مہمند فاؤنڈیشن ضلع مہمند میں نمایاں فلاحی اور سماجی خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم اور قابلِ قدر حصہ ہیں، جو اپنی سچائی اور خلوص کی بنا پر معاشرے میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ فاؤنڈیشن کی قیادت خود خصوصی افراد کے ہاتھ میں ہے۔

فاؤنڈیشن کے چیئرمین اصغر خان مہمند نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران ضلع مہمند کی مختلف تحصیلوں میں ایک ہزار فوڈ پیکیجز تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ڈی پی او آفس، پولیس شہداء کے اہلِ خانہ، شہید بانڈہ، مچنی اور پڑانگ غار کے علاقوں میں فوڈ پیکیجز تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ ہیڈکوارٹرز غلنئی جرگہ ہال میں 30 فوڈ پیکیجز خصوصی افراد میں تقسیم کیے گئے۔

فوڈ پیکیجز میں دال، چینی، چاول، گھی، بیسن، شربت، کھجور اور آچار شامل ہیں۔ اصغر خان مہمند نے مزید کہا کہ ضلع مہمند کی ہر تحصیل میں مستحق خاندانوں تک یہ امداد پہنچائی جائے گی، جبکہ عوامی مقامات پر افطار بکسز کی تقسیم بھی رمضان المبارک کے دوران جاری رہے گی۔