ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے علاقے سور کمر کے مکینوں نے غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے جمرود گریڈ اسٹیشن کے سامنے مظاہرہ کیا اور احتجاجاً پاک افغان شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی۔
علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ کئی روز سے بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں بھی لوڈشیڈنگ کے باعث گھریلو اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
احتجاج میں بلدیاتی نمائندگان چیئرمین شاہد زمان، چیئرمین عبدالقدیر، فاروق، مقامی مشران سید کبیر آفریدی سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی بلاجواز بندش فوری طور پر ختم کی جائے اور علاقے کے لیے نیا فیڈر فراہم کیا جائے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سید کبیر آفریدی نے کہا کہ مسلسل لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کا صبر جواب دے چکا ہے۔ انہوں نے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر مسئلہ حل نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔
مظاہرین کے باعث پاک افغان شاہراہ پر ٹریفک معطل رہی جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
