تحصیل باڑہ کے علاقے ایندرہ اکاخیل میں مارٹر گولہ گرنے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ سات زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب علاقے کے رہائشی بازار سے افطار کا سامان خرید کر ایک گاڑی میں اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے کہ اچانک مارٹر گولہ گاڑی پر آ گرا، جس سے موقع پر ہی تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ سات افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت ممتاز آفریدی، منتظر آفریدی اور خواجہ آمین کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق قبیلہ اکاخیل سے بتایا جاتا ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے پشاور کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد جاں بحق افراد کی میتیں ڈوگرہ ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق خان ولی آفریدی اور پی ٹی ایم کے کارکنان نے احتجاجاً ایک نوجوان کی میت کو باڑہ خیبر چوک لانے اور بعد ازاں پشاور منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے، جبکہ پولیس اور متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے حقائق سامنے آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
