تفصیلات کے مطابق طورخم کسٹمز اسٹیشن پر کسٹم کلکٹر اپریزمنٹ پشاور غلام مصطفی اور اسسٹنٹ کلکٹر امیر حمزہ کی ہدایات پر سپرنٹنڈنٹ ضیاء الحق کی قیادت میں کسٹمز ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے آنے والی ایک خالی گاڑی سے بھاری مقدار میں چاندی برآمد کر لی۔

کسٹمز حکام کے مطابق دورانِ تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں اور ٹائروں میں مہارت کے ساتھ چھپائی گئی 30 کلوگرام چاندی برآمد کی گئی، جس کی مالیت تقریباً 4 کروڑ 80 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔

حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے کسٹم ہاؤس پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر کسٹم کلکٹر غلام مصطفی کا کہنا تھا کہ طورخم کسٹمز اسٹیشن پر کسی کو بھی اسمگلنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسمگلنگ کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کامیاب کارروائی پر عملے کو شاباش دیتے ہوئے آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔