ایبٹ آباد: گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ایوبیہ میں زیرِ تعمیر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے نہ تو ایوبیہ پارکنگ ایریا کو کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی یہ پلانٹ مسجد کی عمارت کے قریب تعمیر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے منصوبے کے حوالے سے پھیلائے جانے والے خدشات کو حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد علاقے کے قدرتی ماحول اور آبی وسائل کو آلودگی سے محفوظ بنانا ہے۔
ترجمان جی ڈی اے کے مطابق گلیات کے قدرتی حسن، جنگلات اور قدرتی چشموں کے تحفظ کے لیے جدید واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تعمیر ایک اہم ماحولیاتی اقدام ہے۔ ان منصوبوں کا بنیادی مقصد ہوٹلوں سے خارج ہونے والے استعمال شدہ اور آلودہ پانی کو بغیر صفائی قدرتی چشموں، جنگلات اور کھلے مقامات میں شامل ہونے سے روکنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً 450 ملین روپے کی لاگت سے گلیات کے چھ اہم ٹاؤنز میں جدید واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس تعمیر کیے جا رہے ہیں، جہاں ہوٹلوں کے استعمال شدہ پانی کو مختلف مراحل سے گزار کر صاف کیا جائے گا۔ اس عمل میں سیپٹک ٹینکس، اینیروبک بفلڈ ری ایکٹرز (ABR) اور ڈس انفیکشن ٹینکس سمیت جدید نظام استعمال کیا جائے گا، جس کے ذریعے پانی کو تقریباً 95 فیصد تک صاف کرنے کے بعد محفوظ طریقے سے خارج کیا جا سکے گا۔
ترجمان نے کہا کہ ماضی میں ہوٹلوں کا استعمال شدہ اور آلودہ پانی اکثر بغیر کسی ٹریٹمنٹ کے کھلے مقامات اور جنگلات میں چھوڑ دیا جاتا تھا، جس سے قدرتی چشموں، ماحول اور ماحولیاتی نظام کو نقصان پہنچنے کے خدشات موجود تھے۔ نئے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تکمیل سے آلودگی کے اس مسئلے پر قابو پانے اور قدرتی آبی وسائل کو محفوظ بنانے میں نمایاں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلیات جیسے حساس اور قدرتی حسن سے مالامال سیاحتی علاقے میں جدید ماحولیاتی منصوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسے منصوبے نہ صرف قدرتی ماحول کے تحفظ بلکہ پائیدار سیاحت کے فروغ، ہوٹل انڈسٹری کی بہتری اور سیاحوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
ترجمان جی ڈی اے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ گلیات کے قدرتی حسن، جنگلات اور آبی وسائل کے تحفظ کے لیے ترقیاتی منصوبوں کو جدید ماحولیاتی تقاضوں کے مطابق آگے بڑھا رہا ہے، تاکہ علاقے کی سیاحتی اہمیت برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ آنے والی نسلوں کے لیے اس کے قدرتی اثاثوں کو بھی محفوظ بنایا جا سکے۔
