لنڈی کوتل: خیبرپختونخوا کے نامزد 12 اضلاع کی ترقی کے لیے قائم ایریا ڈویلپمنٹ کونسل (ADC) کا پہلا اجلاس لنڈی کوتل جرگہ ہال میں منعقد ہوا، جس میں کونسل کے 100 سے زائد ارکان، ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کونسل کے چیئرمین اور سابق گورنر خیبرپختونخوا شوکت اللہ خان نے کی۔

اجلاس میں نامزد 12 اضلاع میں پائیدار امن کے قیام، ترقیاتی منصوبوں کے مؤثر نفاذ، عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی مجموعی ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین شوکت اللہ خان نے کہا کہ ایریا ڈویلپمنٹ کونسل کے قیام کا بنیادی مقصد نامزد 12 اضلاع میں پائیدار امن قائم کرنا اور ترقیاتی عمل کو تیز رفتار اور مؤثر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسل میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو نمائندگی دی گئی ہے تاکہ تمام طبقات کی مشاورت سے عوامی مسائل حل کیے جاسکیں اور علاقے کی ضروریات کے مطابق ترقیاتی ترجیحات کا تعین کیا جاسکے۔

شوکت اللہ خان نے پاک فوج کو اپنا سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوج کے حامی تمام افراد ان کے لیے قابل احترام ہیں۔ انہوں نے معدنی وسائل پر قبضے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں اور باتوں کو بے بنیاد پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے غلط فہمیوں اور غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ ایریا ڈویلپمنٹ کونسل وفاقی کابینہ کے ماتحت کام کرے گی، جبکہ وزیراعظم نے نامزد 12 اضلاع کی ترقی کے لیے 160 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور مختص فنڈز کو عوامی فلاح و بہبود اور علاقے کی تعمیر و ترقی پر خرچ کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔

چیئرمین کونسل نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنا، بے قاعدگیوں کا احتساب اور کرپشن کا خاتمہ کونسل کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام متعلقہ اداروں، منتخب نمائندوں اور مقامی مشران کے باہمی تعاون سے ترقیاتی عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک خان مرجان نے کہا کہ علاقے میں موجود تنازعات کو جرگوں اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ پائیدار امن کے قیام کے لیے ریاستی پالیسی کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ باہمی مشاورت، اتفاق رائے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد نے بھی شرکت کی اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال، انتظامی امور اور متعلقہ معاملات پر اظہار خیال کیا۔

اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نامزد 12 اضلاع میں امن و استحکام، ترقی، عوامی خوشحالی اور انتظامی بہتری کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور دستیاب وسائل کو عوامی مفاد اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔