خیبر : اے آر ڈی سی ممبر حاجی شیرین آفریدی نے باڑہ بازار اور سب جیل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومتی سطح پر آواز اٹھانے اور قیدیوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کا اعلان کیا۔

تفصیلات کے مطابق حاجی شیرین آفریدی باڑہ بازار کے دورے کے دوران انجمن تاجران باڑہ کے دفتر پہنچے، جہاں صدر سید ایاز وزیر اور کابینہ کے دیگر عہدیداروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور اے آر ڈی سی ممبر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر انجمن تاجران کے صدر سید ایاز وزیر اور دیگر عہدیداروں نے انہیں باڑہ کے تاجروں کو درپیش مسائل، کاروباری مشکلات اور تجارتی سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ تاجر رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ ان کے جائز مسائل حکومتی سطح پر اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے گا۔

حاجی شیرین آفریدی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی کاروباری شعبے سے وابستہ ہیں اور تاجر برادری کو درپیش مشکلات کا بخوبی ادراک رکھتے ہیں۔ گزشتہ نامساعد حالات کے باعث باڑہ میں تعلیم، تجارت اور دیگر شعبوں کی طرح تاجر برادری بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ تاجروں کے لیے بلاسود قرضوں کی فراہمی، ٹیکسوں میں ریلیف اور دیگر اہم مطالبات متعلقہ حکومتی فورمز پر اٹھائے جا چکے ہیں۔ تاجروں کے مسائل کا حل اور ان کی محرومیوں کا ازالہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے رابطوں اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

بعد ازاں اے آر ڈی سی ممبر حاجی شیرین آفریدی نے باڑہ سب جیل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قیدیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے 50 گرم کمبل، کتابیں، ایل سی ڈی، گرم پانی کے گیزر اور ادویات فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر حاجی شیرین آفریدی کا کہنا تھا کہ قیدی بھی ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور انہیں بنیادی سہولیات، طبی امداد اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

دورے کے موقع پر جیل انتظامیہ اور قیدیوں نے ان کے اقدامات کا خیرمقدم کیا اور سہولیات کی فراہمی کے اعلان پر ان کا شکریہ ادا کیا۔