خیبر : ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل  خیبر کے رکن مولانا عزت اللہ ہمخیال نے ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی سے ملاقات کی، جس میں باڑہ نادرا آفس کی فوری بحالی، وادی تیراہ کے مالی امداد سے محروم متاثرین کی رجسٹریشن کے لیے سنٹر کے قیام اور سم کارڈز حاصل کرنے والے متاثرین کو مالی معاوضوں کی بلا تاخیر ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات کے دوران مولانا عزت اللہ ہمخیال نے ڈپٹی کمشنر کی توجہ مقامی آبادی اور تیراہ متاثرین کو درپیش مشکلات کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ باڑہ نادرا آفس کی بندش کے باعث شہریوں کو شناختی کارڈز اور دیگر ضروری دستاویزات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ نادرا آفس کی بحالی کا کام تیز کیا جائے تاکہ علاقے کے عوام کو شناختی دستاویزات سے متعلق سہولیات دوبارہ میسر آسکیں۔ واضح رہے کہ 13 اکتوبر کو پیش آنے والے پرتشدد واقعات کے دوران باڑہ نادرا آفس کو نذرِ آتش کر دیا گیا تھا۔

مولانا عزت اللہ ہمخیال نے مزید کہا کہ وادی تیراہ کے متعدد متاثرین تاحال رجسٹریشن اور مالی امداد سے محروم ہیں، جس کے باعث انہیں شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرین کے اندراج کے لیے فوری طور پر رجسٹریشن سنٹر قائم کیا جائے اور جن متاثرین کو سم کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں، انہیں طے شدہ مالی امداد جلد از جلد فراہم کی جائے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی نے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ باڑہ نادرا آفس کی تعمیرِ نو کا کام جاری ہے اور اسے جلد عوام کے لیے دوبارہ فعال کر دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سسٹم کی بہتری کے بعد تیراہ متاثرین کی رجسٹریشن کے لیے سنٹر کے قیام اور سم کارڈز حاصل کرنے والے مستحق متاثرین کو مالی امداد کی فراہمی کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

علاقے کے عوام نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان یقین دہانیوں پر جلد عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ متاثرین کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔