خیبر: خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا، جس کے بعد صوبے میں رواں سال رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 6 ہوگئی، جبکہ ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 8 تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری نے ضلع خیبر میں پولیو وائرس کے نئے کیس کی تصدیق کردی ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ پولیو وائرس سے متاثرہ بچی کا تعلق ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کی یونین کونسل جانباز بی سے ہے، جس کی عمر 13 ماہ ہے۔ رواں سال ضلع خیبر میں رپورٹ ہونے والا یہ پولیو کا دوسرا کیس ہے۔
حکام کے مطابق خیبرپختونخوا میں رواں سال اب تک پولیو کے 6 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں ضلع بنوں کے 3، ضلع خیبر کے 2 اور شمالی وزیرستان کا ایک کیس شامل ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں 2026 کے دوران اب تک پولیو کے 8 کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں خیبرپختونخوا کے 6 جبکہ سندھ کے 2 کیسز شامل ہیں۔
