لنڈی کوتل: ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں پولیس اور جرگہ مشران کی مسلسل کوششوں سے چھ سال سے جاری زمینی اور مالی تنازعہ فریقین کی باہمی رضامندی سے خوش اسلوبی کے ساتھ حل کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ لنڈی کوتل فضل الرحمان آفریدی کی ہدایت پر ایڈیشنل ایس ایچ او ارشاد خان اور ایس آئی شاہ معین کی نگرانی میں جرگہ ممبران قاری عبدالہادی اور ارشاد شاہ نے تنازعے کے حل کے لیے مسلسل کوششیں کیں۔

تنازعہ فریق اول اکرام اللہ اور ممتاز، ساکنان نیکی خیل، جبکہ فریق دوم حاجی بصیر، ساکن نیکی خیل، کے درمیان زمین اور رقم کی تقسیم کے معاملے پر گزشتہ چھ سال سے چلا آرہا تھا۔

پولیس اور جرگہ مشران کی مخلصانہ کوششوں اور کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں دونوں فریقین نے باہمی رضامندی سے تنازعہ ختم کرنے پر اتفاق کیا اور آئندہ اتفاق، اتحاد اور خوشگوار تعلقات کے ساتھ رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر دونوں فریقین نے دیرینہ تنازعے کے پرامن حل میں کردار ادا کرنے پر لنڈی کوتل پولیس، جرگہ ممبران اور دیگر معاونین کا شکریہ ادا کیا۔

پولیس حکام کے مطابق علاقے میں امن و امان کے قیام، عوامی مسائل کے فوری حل اور باہمی تنازعات کو افہام و تفہیم اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے ایسی کوششیں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔