ملاکنڈ: ملاکنڈ ریجن سے تعلق رکھنے والی ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی باصلاحیت ایتھلیٹ سلمیٰ علی نے 54ویں قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین میڈلز اپنے نام کر لیے۔

کراچی میں منعقدہ قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سلمیٰ علی نے 4x400 میٹر ریلے مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ 100 میٹر مکسڈ ریلے اور 4x100 میٹر ریلے میں دو سلور میڈلز جیت کر اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

قومی سطح کے اس بڑے مقابلے میں تین میڈلز حاصل کرنا سلمیٰ علی کی محنت، لگن اور کھیل سے وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔ ان کی کامیابی میں کوچ عابد آفریدی کا کردار بھی نمایاں رہا، جنہوں نے مسلسل محنت، تربیت اور رہنمائی کے ذریعے انہیں قومی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے میں مدد فراہم کی۔

واضح رہے کہ سلمیٰ علی نے 2025 کے انڈر 21 گیمز میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ گولڈ میڈلز حاصل کیے تھے، جبکہ انہیں ان مقابلوں میں بہترین ایتھلیٹ کا اعزاز بھی دیا گیا تھا۔

سلمیٰ علی کی مسلسل کامیابیاں نہ صرف ملاکنڈ ریجن بلکہ پورے خیبرپختونخوا کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ ان کی شاندار کارکردگی نوجوان کھلاڑیوں، بالخصوص خواتین ایتھلیٹس کے لیے حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ مناسب تربیت، مواقع اور سرپرستی کے ذریعے صوبے کے کھلاڑی قومی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔