دیر بالا: سوشل میڈیا پر کم سن بچے پر تشدد کی وائرل ویڈیو کے معاملے میں دیر بالا پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں، پولیس نے مزید 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جس کے بعد گرفتار ملزمان کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ملاکنڈ زاہد نواز مروت کے احکامات اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) دیر بالا اسلم نواز کی ہدایات پر ایس ڈی پی او سرکل واڑی فخر عالم خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ واڑی جوہر علی نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث مزید تین ملزمان ہمایوں اور مدثر پسران فرمان اللہ، جبکہ سہیل ولد میجر ساکنان شینکاڑی حال واڑی بالا کو گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پہلے ہی دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔ مزید تین گرفتاریوں کے بعد اس کیس میں گرفتار ملزمان کی تعداد پانچ ہوگئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ اس میں مبینہ طور پر ملوث ایک دیگر عدم گرفتار ملزم کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
اس موقع پر ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز نے واضح کیا کہ کم سن بچوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے واقعات میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
