جمرود: گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2 جمرود میں تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور والدین و اساتذہ کے درمیان رابطے کو مؤثر بنانے کے لیے جدید موبائل ایپلی کیشن ’’دی شارپ ٹیچر ایپ‘‘ متعارف کروا دی گئی ہے، جس کے ذریعے طلبہ کی حاضری، تعلیمی کارکردگی اور پیش رفت کی تفصیلات والدین کو براہِ راست آن لائن فراہم کی جا رہی ہیں۔
ایپلی کیشن کے ذریعے طلبہ کی روزانہ حاضری کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے، جبکہ ان کی تعلیمی کارکردگی اور پیش رفت سے متعلق رپورٹس بھی والدین تک پہنچائی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ اگر کسی طالب علم کی کارکردگی کمزور ہو یا تعلیمی پیش رفت تسلی بخش نہ ہو تو ایپ کے ذریعے والدین کو خودکار اطلاع بھی موصول ہوتی ہے، تاکہ وہ بروقت اپنے بچوں کی تعلیمی بہتری کے لیے اقدامات کر سکیں۔
اس جدید نظام کے نفاذ سے والدین اپنے بچوں کی حاضری اور تعلیمی سرگرمیوں پر باقاعدگی سے نظر رکھ سکیں گے، جبکہ اساتذہ اور والدین کے درمیان رابطے کا ایک مؤثر، شفاف اور جدید ذریعہ بھی میسر آئے گا۔
اس تعلیمی اقدام کو عملی جامہ پہنانے میں استاد علی رحمان نے اہم کردار ادا کیا، جن کی کاوشوں سے اسکول میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب ایک اہم پیش رفت ممکن ہوئی۔
تعلیمی حلقوں کے مطابق سرکاری اسکولوں میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا فروغ نہ صرف تعلیمی نظام میں شفافیت اور نگرانی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے بلکہ اس سے طلبہ کی کارکردگی میں بہتری اور والدین کی تعلیمی عمل میں شمولیت کو بھی تقویت ملے گی۔
گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2 جمرود کا یہ اقدام سرکاری تعلیمی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ایک مثبت مثال ہے، جسے دیگر اسکولوں میں بھی اپنایا جا سکتا ہے۔
