خیبر: قبیلہ کمرخیل تحصیل باڑہ کے قبائلی عمائدین نے علاقے کی منظور شدہ ترقیاتی اسکیموں کی منسوخی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ADP اسکیم نمبر 261207 اور 261163 کی منسوخ شدہ ٹینڈر کارروائی فوری طور پر بحال کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریباً 75 سالہ محرومیوں کے بعد علاقے میں ترقیاتی عمل شروع ہوا تھا، جسے روکنا عوام کو دوبارہ پسماندگی کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔

باڑہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے قبیلہ کمرخیل کے مشران و عمائدین، کیپٹن (ر) محمد طاہر، مولانا ملت خان، چیئرمین وی سی 43 حاجی عبدالمتین آفریدی، چیئرمین ڈی آر سی باڑہ خیال مت شاہ آفریدی، حاجی خیال اکبر، حاجی سید عمر اور دیگر نے کہا کہ کمرخیل سمیت باڑہ کے متعدد علاقے کئی دہائیوں سے پختہ سڑکوں، تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ حالیہ عرصے میں منظور ہونے والی ترقیاتی اسکیموں سے عوام میں امید پیدا ہوئی تھی کہ اب ان علاقوں میں بھی ترقی کا سفر شروع ہوگا۔

عمائدین کے مطابق ہائی وے ڈویژن خیبر کے ایگزیکٹو انجینئر کی جانب سے 6 نومبر 2026 کو جاری کردہ آفس آرڈر نمبر 1434/1-A کے تحت ADP اسکیم نمبر 261207 اور 261163 کی ٹینڈر کارروائی منسوخ کرنے کا فیصلہ علاقے کے عوام کے لیے مایوس کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کا اختیار حاصل ہے، تاہم اس دوران پسماندہ علاقوں کی ضروریات اور کئی دہائیوں پر محیط محرومیوں کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔

قبائلی عمائدین نے سوال اٹھایا کہ جن علاقوں میں آج بھی مریضوں کو ہسپتالوں تک پہنچنے، طلبہ کو تعلیمی اداروں تک رسائی اور عام شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے، وہاں سڑکوں اور مواصلاتی منصوبوں کو کم اہمیت کی اسکیمیں قرار دینے کا کیا جواز ہے؟

انہوں نے کہا کہ کمرخیل کی سڑکیں محض تعمیراتی منصوبے نہیں بلکہ تعلیم، صحت، روزگار، زراعت اور معاشی ترقی سے براہ راست منسلک ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے طلبہ، مریضوں، خواتین، بچوں، بزرگوں اور مقامی کاروباری طبقے کو سہولت میسر آئے گی، جبکہ ان کی منسوخی یا غیر معینہ مدت تک التوا علاقے کی پسماندگی میں مزید اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد طاہر اور دیگر مشران نے کہا کہ قبیلہ کمرخیل کے عوام نے ہمیشہ امن، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو ترجیح دی ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ دیگر علاقوں کی طرح یہاں کے عوام کو بھی بنیادی سہولیات اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا احتجاج کسی سیاسی جماعت یا سرکاری ادارے کے خلاف نہیں بلکہ علاقے کے جائز حقوق اور عوامی مفاد کے لیے ہے۔

چیئرمین ڈی آر سی باڑہ خیال مت شاہ آفریدی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی منسوخی سے قبل مقامی عمائدین، عوامی نمائندوں اور متعلقہ حلقوں کو اعتماد میں لینا ضروری تھا۔ عوام کو یہ جاننے کا حق حاصل ہے کہ ان کے علاقے کی کون سی اسکیمیں منسوخ کی گئی ہیں، ان کی منسوخی کی وجوہات کیا ہیں اور انہیں کم اہمیت کی حامل قرار دینے کا معیار کیا ہے۔

انہوں نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور ہائی وے ڈویژن خیبر سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ اسکیموں کی تفصیلات، فنڈز کی دستیابی اور منسوخی کے فیصلے کی وجوہات عوام کے سامنے واضح کی جائیں۔

عمائدین کا کہنا تھا کہ اگر مالی وسائل کی کمی منصوبوں کی منسوخی کی بنیادی وجہ ہے تو انہیں مکمل طور پر ختم کرنے کے بجائے اضافی فنڈز کی فراہمی، مرحلہ وار تکمیل یا متبادل مالی انتظامات پر غور کیا جائے۔ مالی مشکلات کا بوجھ ہمیشہ پسماندہ علاقوں کے عوام پر ڈالنا کسی صورت مناسب نہیں۔

انہوں نے وفاقی حکومت، گورنر خیبر پختونخوا، متعلقہ اے آر ڈی سی فاٹا اور صوبائی ایڈوائزری کمیٹی سے اپیل کی کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کمرخیل سمیت تحصیل باڑہ کے تمام پسماندہ علاقوں کی ترقیاتی اسکیموں کے تحفظ اور بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

قبائلی عمائدین نے مطالبہ کیا کہ کمرخیل کی تمام منظور شدہ اور عوامی ضرورت سے متعلق مواصلاتی اسکیمیں بحال کی جائیں، باڑہ کے دیگر پسماندہ علاقوں کے منصوبوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر برقرار رکھا جائے اور ضلع خیبر کے لیے خصوصی ترقیاتی فنڈز مختص کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مستقبل میں ترقیاتی ترجیحات کا تعین کرتے وقت مقامی عمائدین اور عوامی نمائندوں سے باقاعدہ مشاورت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جدوجہد صرف قبیلہ کمرخیل تک محدود نہیں بلکہ باڑہ کے تمام پسماندہ علاقوں کے عوام کے حقوق کا تحفظ بھی اس کا حصہ ہے۔ امن اور ترقی ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ امن پسند عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرتے ہوئے انہیں ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرے۔

آخر میں عمائدین نے خبردار کیا کہ اگر ترقیاتی اسکیموں کی منسوخی کے فیصلے پر نظرثانی نہ کی گئی اور عوامی مطالبات کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو قبیلہ کمرخیل کے مشران اور عوام اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے ہر متعلقہ فورم پر آواز اٹھائیں گے اور آئینی، جمہوری و پُرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمرخیل کے عوام خیرات یا خصوصی رعایت نہیں بلکہ اپنے جائز حقوق، بنیادی سہولیات اور ترقی میں مساوی حصہ مانگ رہے ہیں۔ حکومت ترقیاتی منصوبوں کا تحفظ کرے، عوام کی امیدوں کو زندہ رکھے اور پسماندہ علاقوں کے ساتھ انصاف یقینی بنائے۔